ایک تلخ حقیقت
میں نے کہیں پڑھا تھا ایک بادشاہ کی اولاد میں سبھی لڑکیاں تھیں کچھ سالوں بعد ایک لڑکا پیدا ہوا۔ اب پورے محل میں وہی ایک لڑکا تھا، باقی شاہی خاندان کے افراد، کنیزیں، لونڈیاں سبھی عورتیں تھیں۔ شہزادے کی پرورش اسی ماحول میں ہورہی تھی۔ ایک دن اچانک محل میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ بجھانے کو کوئی مرد موجود نہیں تھا۔ شور مچ گیا، سبھی عورتیں چلانے لگیں "کسی مرد کو بلاؤ، کسی مرد کو بلاؤ". عورتوں کی چیخ و پکار میں شہزادے کی آواز سب سے بلند تھی " کسی مرد کو بلاؤ، کسی مرد کو بلاؤ" شہزادہ جو کہ عورتوں میں پلا بڑھا، اسے معلوم نا ہوسکا کہ وہ خود بھی تو ایک مرد ہی ہے۔ یہی حال ہمارا ہے کہ سالوں سے جو خوابِ غفلت میں پڑے ہیں تو سبھی شور مچاتے پھر رہے ہیں، دوسروں کو جھنجھوڑ رہے ہیں " ضمیر کو جگاؤ، خدارا اپنے ضمیر کو جگاؤ " یہ بھول چکے ہیں کہ ہمارے اپنے اندر بھی ایک ضمیر ہے جسے ہم نے ابھی تک نہیں جگایا۔